کاروار،20؍مئی (ایس او نیوز) امسال ایس ایس ایل سی کے جو نتائج ظاہر ہوئے ہیں اس میں تعلیمی اضلاع کاروار اور سرسی کے کُل 7 طلباء 625 میں 625 مارکس حاصل کرکے ریاستی ٹاپرس میں شامل ہوگئے ہیں۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق کمٹہ سی وی ایس کے ہائی اسکول کے 3 طلباء میگھنا وشنو بھٹ ، کارتک بھٹ ، دیکشا نائک کے علاوہ سرسی سینٹ انتھونی ہائی اسکول کی سرمینا شیخ ، ماریکمبا سرکاری پی یو کالج کے چیراج مہیش نائک اور بیسلکوپّا سوریہ نارائن ہائی اسکول کی کنّیکا پرمیشوری ہیگڈے ریاستی سطح پر ٹاپ کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
ادھر سرسی سے ملی رپورٹ کے مطابق ماریکمبا سرکاری ہائی کی دیکشا راجو نائک 625 میں سے 624 مارکس حاصل کرتے ہوئے ریاستی سطح پر دوسرا رینک پانے میں کامیاب ہوئی ہیں ۔ معلوم ہوا ہے کہ ماریکمبا ہائی اسکول سے صد فی صد مارکس کے ساتھ فرسٹ رینک پانے والے چیراج کے والد مہیش نائک اسی اسکول میں ٹیچر ہیں جبکہ دوسرا رینک پانے والی دیکشا کے والد راجو نائک ایک پینٹر کے طور پر کام کرتے ہیں۔
اس بار کے ایس ایس ایل سی نتائج میں اتر کنڑا تعلیمی ضلع کو مجموعی طور 89.94 فی صد کے ساتھ اے گریڈ ملا ہے ۔ تعلقہ وار سطح پر دیکھیں تو کاروار تعلقہ %94.07 نتائج کے ساتھ ضلع میں اول مقام پر ہے ۔ انکولہ تعلقہ 93.94 فیصد کے ساتھ دوسرا نمبر، ہوناور تعلقہ 89.05 فیصد کے ساتھ تیسرے مقام پر، کمٹہ تعلقہ 88.74 فیصد کے ساتھ چوتھے مقام اور 85.79 فیصد کے ساتھ بھٹکل تعلقہ پانچواں مقام پانے میں کامیاب ہوا ہے۔